بھارت کی جانب سے ایک اور فلڈ وارننگ جاری کردی گئی، بھارتی ہائی کمیشن نے جموں میں توی کے مقام پر ہائی فلڈ الرٹ جاری کیا۔
پاکستان کو اس وقت شدید سیلابی صورتحال اور متواتر بارشوں کا سامان ہے، ایسے میں بھارت نے ایک بار پھر سے فلڈ کا انتباہ جاری کیا، بھارت کی طرف سے ایک اور سیلابی ریلہ جلد پاکستان میں داخل ہونے کی توقع ہے۔
اس بار بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے جموں میں توی کے مقام پر ہائی فلڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے، وزارت آبی وسائل نے اعلامیہ میں بتایا کہ بھارتی ہائی کمیشن کی جانب سے 6 بجے آگاہ کیا گیا،
پانی کی بڑی مقدار میں آمد کے بعد دریائے چناب میں پانی کی سطح بڑھنے لگی ہے، دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 29 ہزار کیوسک ہوگیا ہے۔
فلڈ فورکاسٹنگ نے بتایا کہ دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ این ڈی ایم اے کی جانب سے بھی دریاؤں میں سیلابی ریلوں اور بہاؤ کی رپورٹ پیش کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے اگلے 24 سے 48 گھنٹے ہمارے لئے بہت اہم قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ آج شام تک ہیڈ محمد والا پر سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔
عرفان علی کاٹھیا نے بتایا تھا کہ انڈیا کی طرف سے آنیوالے پانی کے ریلے کی اطلاع دی گئی ہے، ستلج میں مزید پانی چھوڑا گیا ہے،پانی کا فلو مسلسل بڑھ رہا ہے اور بارشوں کے باعث ریسکیو کام متاثر ہوا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف ہیڈ ورکس پر پانی کی سطح تیزی سے بلند ہو رہی ہے اور کئی مقامات پر اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔